کھلونوں کی جنگ اور عقل مند ڈائنو سار ۔ 6

 


گیارہ بجے تک سب کھلونے ٹرین کی پٹڑی کے گرد جمع ہو گئے تھے۔ ہر طرف چکن نوڈلز اور مشروم والے پزا کی خوشبو پھیلی ہوئی تھی۔

’’پلیٹیں کہاں  رکھی ہیں؟‘‘

ٹیڈی بئیر نے کہا۔ یہ سوال وہ کئی بار پوچھ چکا تھا۔

چائے دانی نے اپنی گردن سے دائیں طرف اشارہ کیا۔

’’وہاں رکھی ہوئی ہیں۔ایک بڑی پلیٹ  میرے لیے بھی لے آنا۔‘‘

چھک چھک چھک! چھک چھک!


ٹرین کے ڈبے چھک چھک کرتے آئے ۔ انہوں نے نوڈلز کے دو باؤل اور پزا کی ٹرے اٹھائی ہوئی تھی۔ سب سے آخری ڈبے کے اوپر کیچپ کے ساشے بھی تھے۔

انجن نظر نہیں آرہا تھا۔ باربی ڈول نے کہا۔

’’انجن بھائی کہاں ہیں۔ میں نے ان سے پزا کی ریسیپی پوچھنی ہے۔‘‘

’’ہونہہ کیا فائدہ! بنانا تو تم نے ہے نہیں۔‘‘  ریسنگ کار نے کہا اور پھر تھوڑی سی ریورس ہو کر کھڑی ہو گئی کیونکہ باربی ڈول جب غصے میں ہوتی تھی تو بہت زور سے مکا چبھوتی تھی۔

’’کیوں کیوں۔ میں بناؤں گی۔ لیکن تمھیں بالکل بھی نہیں چکھاؤں گی۔‘‘ باربی ڈول نے واقعی غصے سے کہا اور زور سے مکا مارنے کے لیے ہاتھ اوپر کیا۔

ریسنگ کار اور پیچھے ریورس ہو کر ٹرین کی پٹڑی کےدوسری جانب چلی گئی ۔ پھر بولی۔

’’مجھے بھی بد مزہ اور باسا پزہ کھانے کا کوئی شوق نہیں۔‘‘

باربی ڈول اس کے پیچھے بھاگی۔

بلاکس اس لڑائی پر چپکے چپکے ہنس رہے تھے۔

’’ہی ہی ہی! ہی ہی ہوہو!‘‘

سفید گڑیا نے آکر باربی گڑیا اور ریسنگ کار کی لڑائی ختم کرا دی۔

پھر کھانا شروع ہوا۔ نوڈلز بہت مزے کے تھے لیکن سپائسی تھے۔ ٹیڈی بئیر ہمیشہ کی طرح کچھ زیادہ کھا گیا۔ پزا کی ٹرے تو سب سے پہلےختم ہوئی۔

’’یہ دیکھیں! یہ رہا سب سے مزیدار آٗئٹم! ‘‘ اچانک انجن کی آواز آئی۔ سب کھلونوں نے مڑ کر دیکھا۔

انجن نے اپنی چمنی کے اوپر ایک بڑی سی ٹرے رکھی ہوئی تھی جس سے بھاپ نکل رہی تھی۔  سب کھلونوں نے اوپر ہو کر ٹرے میں جھانکنے کی کوشش کی لیکن کسی کو نظر نہ آسکا کہ ٹرے میں کیا تھا۔

’’آہا! انجن بھیا جلدی بتائیں آپ کیا لائے ہیں!‘‘ چھلانگیں لگانے والے بندر نے اچھلتے ہوئے کہا۔ بلاکس بھی جوش میں آکر ادھر ادھر لڑھک رہے تھے۔

اتنے میں ٹیڈی بئیر نے جلدی جلدی ایک کرسی پر کھڑے ہو کر ٹرے کو پکڑ لیا۔

’’ارے ارے! نہیں ۔ ایسا نہ کرو۔ گر جائے گا۔ گر جائے گا۔‘‘

انجن چلایا۔ ٹیڈی بئیر کا پیٹ ڈائننگ ٹیبل سے ٹکرایا تو اس کا بیلنس خراب ہو گیا۔ 

"ارے اوہ!" 

سب کھلونوں کے منہ سے نکلا۔ ٹینک والے فوجی نے آگے آ کر ٹیڈی بئیر کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن۔۔۔۔

لیکن تب تک واقعی سب کچھ گر چکا تھا۔ گرم گرم ویجیٹبل سوپ بھی اور ٹیڈی بئیر بھی، اور کرسی بھی۔


(جاری ہے)