(بنگلہ دیشی رضاکار کی ڈائری کا ایک صفحہ)
میرا
کام بچھڑے ہوؤں کو ملانا ہے۔ میں بنگلہ دیشی سرحد پر واقع برمی مہاجرین کے کیمپ
میں ہوتا ہوں۔آج کل لاپتہ افراد کے دفترمیں میری ڈیوٹی ہے۔ ہر روز میں
بیسیوں اعلان کرتا ہوں۔
"سکینہ
زوجہ محمد عمران کے کوئی رشتہ دار ہوں تو آکر لے جائیں۔"
"عبد
الباری عمر 10 سال والد کا نام عبداللہ بتاتا ہے، بچے کے جاننے والے کیمپ آکر
رابطہ کریں۔"
"فہیمہ بنت عمر عمر 15 سال۔ رشتہ دار رابطہ کریں۔"
میری
یہ آواز مائیک کے ذریعے کیمپ کے دور قریب گونجتی جاتی ہے۔ لوگ پریشان حال
آتے ہیں۔ ان کی آنکھوں میں امید اور دکھ ہوتا ہے۔ اپنوں کے مل جانے کی امید اور
اپنوں ہی کے بچھڑ جانے کادکھ۔
۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔۔
ایک
دن ایک بوڑھے میاں بیوی آئے۔ ان کی جوان بیٹی کو برمی درندوں نے ریپ کا نشانہ بنا
کر زندہ جلا دیا تھا۔ اس وقت سے ان کی کمسن جڑواں نواسیوں کا کچھ پتہ نہیں
تھا۔
وہ
آئے اور خیمے میں داخل ہو کر لاوارث بچوں کو غور سے دیکھنے لگے۔
