میرے سوہنے موہنے
بچو! سفید سفید ٹانگوں والا اور نہایت پیارا سا مینو میمنا ، فضلو چرواہا کے
گھر میں رہتا تھا اور سبھی کی آنکھوں کا تارا تھا۔ اس کی ننھی ننھی شرارتوں
سے سب گھر والے خوش ہوتے تھے۔ اس کی خوراک کا پورا پورا خیال رکھا جاتا اور ہر ایک
کوشش کرتا کہ مینو کو اپنے ہاتھوں سے میوے اور چارہ کھلائے۔
ویسے تو مینو کو ہر
کوئی اٹھائے پھرتا۔ اسے کھیت کھلیان کی سیریں بھی کروائی جاتیں اور تو اور فضلو
چرواہا اسےاپنے دوستوں کے گھر بھی لے جاتا۔
لیکن
پیارے بچو! میں آپ کو ایک راز کی بات بتاؤں! وہ
یہ کہ ہمارے ننھے منے گلابی کانوں والے مینو میمنے کو جنگل دیکھنے کا
بہت شوق تھا۔
ہر روز جب وہ تازہ
گھاس چرنے سب بکریوں کے ساتھ جنگل جاتا تو اس کا دل کرتا بس یہیں ٹھہر جائے۔ لیکن
مامابینو بکری اس کو سمجھا تی رہتی تھیں کہ جنگل خطرناک جگہ ہے۔ یہاں زیادہ
دیر رہنا ٹھیک نہیں۔
ایک دن جب
فضلو چرواہا سب بکریوں کو گھاس چرواکر واپس گاؤں کی جانب ہانکنے لگا تو
مینو سب کی نظریں بچا کر جھاڑیوں کے پیچھے چھپ گیا۔
