میرے سوہنے موہنے بچو! یہ کہانی ہے ایک چھوٹے سے بچے ریحان کی جو رنگوں کو صحیح طرح دیکھ نہیں پاتا تھا۔ اس دن بھی جب دادی جان گاؤں سے آنے والی تھیں،امی جان نے ریحان سے کہا۔
’’بیٹا! جلدی سے
اپنے کپڑے بدل لو۔ اور ہاں! میں نے تمھارے سارے کھلونے سمیٹ کر ٹوکری میں ڈال دیے
ہیں۔ دوبارہ سے انہیں مت بکھیرنا۔‘‘
’’ٹھیک ہے امی جان!‘‘ ریحان نے کہا اور اپنے کمرے میں چلا
گیا۔ امی کچن میں مختلف کھانے بنانے میں مصروف ہو گئیں۔ ریحان تھوڑی دیر بعد
واپس آگیا۔
’’امی! میں سرخ رنگ کی جرسی پہننا چاہتا ہوں۔جو آپ نے
نکالی ہے وہ تو سبز رنگ کی ہے۔‘‘
ریحان نے الجھتے ہوئے کہا۔
’’بیٹا! وہ سرخ رنگ کی ہی ہے۔ دراصل تمھیں وہ سبز دکھائی دے
رہا ہے۔اب تم اسے پہن لو۔ دیکھنا! دادی جان کہیں گی میرا ریحان کتنا
پیارا لگ رہا ہے اس جرسی میں۔‘‘
