Showing posts with label ضرب المثل کہانی. Show all posts
Showing posts with label ضرب المثل کہانی. Show all posts

9 Sept 2023

ضرب المثل کہانی: (چ) چوہے کے ہاتھ لگی ہلدی کی گرہ، وہ بھی پنساری بن بیٹھا

 


پرانے وقتوں کی بات ہے جب پورے جنگل میں پنساری کی بس ایک ہی دکان ہوا کرتی تھی۔ اس کے مالک تھے میاں زرافے اور دکان کا نام تھا، زرافہ پنساری کی دکان۔ اصل مال یہاں سے خریدیں۔ نقالوں سے ہوشیار رہیں۔ کیا بندر وں کا خاندان ہو کیا ہاتھیوں کا ٹولہ، چڑیوں کے بچے ہوں یا چمکاڈروں کی آل اولاد، سبھی میاں زرافے کے ہنر اور ان کے سودے کی کوالٹی کے معترف تھے۔

زرافے میاں اگرچہ انتہائی لمبی گردن اور اس سے بھی لمبی ٹانگوں کے مالک تھے لیکن جنگل کی کوئی فائدہ مند بوٹی آج تک ان کی دور رس نگاہوں سے اوجھل نہ رہ سکتی تھی۔ تلسی ، کھٹکل  ، گل منڈی ، ککروندہ، ملٹھی، نک چھلنی اور ان جیسی سینکڑوں بوٹیوں کے خواص اور پہچان میاں زرافے کو زبانی یاد تھے۔

دارچینی کی لکڑی کو کوٹنا ہے، الائچی کو چھوٹی بڑی میں تقسیم کر کے رکھنا ہے، سونف میٹھا اور پھیکا الگ کرنا ہے، رائی کے دانے کون سے ہیں اور سفید تل کہاں رکھنے ہیں، یہ سارے کام آج تک میاں زرافے اکیلے ہی کرتے آئے تھے۔

اس دن بھی جب وہ تلسی کے پتے ڈنڈیوں سے الگ کرنے میں مصروف تھے تو دکان کی گھنٹی بجی۔ یہ گھنٹی انہوں نے دروازے پر لٹکا رکھی تھی۔ جو بھی آتا جاتا، دروازے کی گھنٹی ضرور بجتی۔  

’’ٹن ٹن ٹنٹنن!!‘‘