Showing posts with label mano aur dadi jan k jigsaw puzzles. Show all posts
Showing posts with label mano aur dadi jan k jigsaw puzzles. Show all posts

18 May 2022

مانو فواد اور ماہا بہترین دوست کیسے بنے - 2


’’جی! گیم تو خراب ہو جائے گی اگر میں نے خود ہی بتا دیا۔‘‘

’’نہیں! نہیں!میں خود ڈھونڈوں گی۔ ‘‘ یہ کہتے ہی مانو نے برآمدے میں ادھر ادھر دیکھنا شروع کر دیا۔ اگلے آدھے گھنٹے میں اس سے سارا برآمدہ چھان مارا ۔ کرسیوں کے نیچے پیچھے اور اوپر بھی دیکھ لیا۔پچھلے باغ میں کھلنے والی کھڑکیوں کے  پردے  ہٹا کر دیکھے اور دادی جان کے تخت پر بھی ڈھونڈ لیا اور لیکن کچھ نہ ملا۔

مانو مایوس ہو کر ڈرائنگ روم میں چلی آئی اور تھکی ہاری صوفے پر بیٹھ گئی۔ اچانک اس کے ذہن میں خیال آیا۔ اس نے جلدی جلدی صوفے کے گدے الٹنا شروع کیے لیکن ان کے نیچے بھی کچھ نہیں تھا۔ پھر اس نےمیز پر رکھا گلدان دیکھا تو اس کی آنکھیں چمک اٹھیں۔  وہاں پلاسٹک کی نقلی سٹرابری کے پھل کے ساتھ سنہری رنگ کا ’’م‘‘لٹکا ہوا تھا۔کاغذ بھی گلدان کے اندر سے ہی مل گیا۔

اس پر لکھا تھا۔

’’حضرت محمد ﷺ کسی پر غصہ نہیں ہوتے تھے۔ آپ ﷺ نے فرمایا۔’’تم میں طاقتور وہ ہے جو غصے کو قابو میں رکھے۔‘‘ اس لیے تم بھی غصہ تھوک دو اور ماہا اور فواد کے ساتھ مہربانی سے پیش آؤ۔‘‘

مانو نے ٹھنڈی سانس بھری اور سوچا۔

’’ٹھیک ہے۔ میں اب غصہ نہیں کروں گی۔  لیکن ان دونوں  کی شرارتوں کا حل کیا ہے؟ ہر روز تو میری کوئی نہ کوئی چیز خراب ہو جاتی ہے۔‘‘

مانو نے اداسی سے سوچا اور ڈرائنگ روم سے باہر آگئی۔

17 May 2022

مانو، فواد اور ماہا بہترین دوست کیسے بنے - 1



’’آہا! دادی جان آئی ہیں!‘‘ مانو نے سکول سے آتے ہی نعرہ لگایا۔ وہ دروازے کے ساتھ پڑے دادی جان کے بڑ ے سے سفری بیگ کو دیکھ چکی تھی۔ دادی جان جب بھی لاہور سے مانو کے گھر رہتی آتیں، اس کے لیے ہر بار نئی گیم لے کر آتیں۔ یہی وجہ تھی کہ مانو ان کے آنے سے بہت خوش ہوتی تھی۔

مانو، شہیر صاحب کی اکلوتی اولاد تھی۔ شہیر صاحب بزنس کے سلسلے میں اکثر شہر سے باہر رہتے، سو گھر میں مانو اور اس کی امی ہی ہوتی تھیں۔گھر کی اوپر والی منزل انہوں نے کرائے پر چڑھا رکھی تھی۔ آج کل نئے کرایہ داروں سے مانو خوب تنگ تھی۔

ان کےدونوں بچے مل کر خوب شور شرابہ کرتے، اونچی اونچی چیخیں مارتے، اور جب شام کو مانو پڑھنے بیٹھتی تو وہ بلند  آواز سے کارٹون نیٹ ورک لگا لیتے۔ یوں مانو کا سارا دھیان موٹو پتلو کارٹون کی آوازوں کی طرف چلا جاتا۔ کئی دنوں سے وہ ٹھیک طرح سےپڑھ نہیں سکی تھی ۔چھٹی کے دن ، نئے کرایہ داروں کے بچوں کو باغبانی کا شوق چڑھتا اور وہ مانو کے چھوٹے سے باغ میں گھس جاتے جہاں مانو نے بہت محنت سے طرح طرح سے پھول پودے اگا رکھے تھے۔ بچوں کے والدین انہیں کئی بار تنبیہ کر چکے تھے لیکن بچے بہت شرارتی تھے۔ دو بار  تو انہوں نے کھڑکی سے نیچے صحن میں کھڑی مانو کے اوپر پانی بھی پھینکا ۔

مانو کی امی بہت نرم دل کی تھیں۔ وہ ان شرارتی بچوں کو  بہت ہلکی سی ڈانٹ پلاتیں اور بس! دوسرا ان کی والدہ مسز  زبیدہ بہت اچھی خاتون تھیں۔ مانو کی امی کو بچوں کے والدین سے کوئی شکایت نہ تھی۔ سو، جب بھی مانو جواد اور ماہا کی شرارتوں سے تنگ پڑتی، اس کو سمجھ نہ آتا کہ اس کا کیا حل نکالا جائے۔

’’دادی جان کو بتاؤں گی ان بدتمیز بچوں کے بارے میں۔ وہی اب کوئی حل نکالیں۔ اب دیکھتی ہوں یہ جواد اور ماہا میرے پودوں کو کیسے نقصان پہنچاتے ہیں!‘‘ مانو نے یونیفارم بدلتے ہوئے دل ہی دل میں سوچا۔ خود وہ کوئی زیادہ شرارتی نہیں تھی ۔اس کے بس دو ہی شوق تھے۔ ایک کہانیوں کی کتابیں پڑھنا، دوسرا باغبانی کرنا۔ یا پھر جب دادی جان رہنے آتیں تو ا ن کی لائی ہوئی گیم کو انہی کےساتھ مل کر کھیلنا۔

’’دادی جان! آپ اس بار کون سی گیم لائی ہیں۔ جلدی بتائیں ناں! کیا میں بیگ کھول لوں؟‘‘ مانو نے بے صبری سے کہا۔ وہ کھانے کی میز پر دادی جان کے ساتھ بیٹھی تھی۔