پیارا وطن پاکستان

’’دادی جان! وطن کسے کہتے ہیں؟‘‘ ننھی عائشہ

نے پوچھا۔

’’ہاں آؤمیری بیٹی! میرے پاس بیٹھو۔‘‘ دادی جان نے مسکراتے ہوئے کہا اور عائشہ کے لیے اپنے تخت پر جگہ بنائی۔


’’وطن ایسی جگہ کو کہتے ہیں جہاں بہت سارے لوگ مل کر رہتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے سے لڑائی جھگڑا نہیں کرتے۔ ان کی ایک خاص زبان، لباس اور جھنڈا ہوتا ہے۔ ہر وطن کا اپنا ترانہ، حکومت اور فوج ہوتی ہے۔ ہمارے پیارے وطن کا نام پاکستان ہے۔‘‘

’’آہا! پاکستان!‘‘ ننھی عائشہ خوشی سے بولی۔

’’دادی جان! کل چودہ اگست تھی اور گلی میں جو جھنڈیاں لکھی تھیں ان پر لکھا ہوا تھا۔ جشنِ آزادی مبارک۔اس کا کیا مطلب ہے؟‘‘

’’پاکستان ۱۴ اگست ۱۹۴۷ کو بنا تھا۔ اس دن ہم نے غیر قوموں کے قبضے سے آزادی حاصل کی تھی۔ ہر سال ۱۴ اگست کو ہم آزادی کا دن مناتے ہیں۔ جشن آزادی مبارک کا مطلب ہے قوم کے ہر فرد کو آزادی کی خوشی مبارک ہو۔ ‘‘

’’دادی جان ! پاکستان کس نے بنایا تھا؟‘‘ ننھی عائشہ نے پوچھا۔

’’ہمارے پیارے وطن پاکستان کی بنیاد قائداعظم محمد علی رحمہ اللہ نے رکھی۔‘‘

’’دادی جان! جب پاکستان بنا تو آپ اور دادا ابو کہاں تھے؟‘‘

عائشہ کے اس سوال پر دادی جان گہر ی سوچ میں ڈوب گئیں۔

’’ہم اس وقت دہلی میں تھے جب آزادی کا اعلان ہوا۔ اس سے پہلے کہ ہندو بلوائی آکر خون خرابہ کرتے ، ہم سب نے اپنا گھر بار چھوڑ دیا اور ہجرت کر کے پاکستان چلے آئے۔اس ہجرت میں میں نے اپنے دو بیٹے کھو دیے۔ وہ دہلی سے باہر گئے ہوئے تھے اور وہیں شہید کر دیے گئے۔ آزادی کے وقت جو ٹرینیں چلائی گئی تھیں، ان میں سینکڑوں لوگ پاکستان آنے کے لیے سوار ہوتے تھے لیکن راستے ہی میں شہید کر دیے جاتے تھے ۔ یوں بے جان مسافروں سے بھری لہولہان ٹرینیں پاکستان کے سٹیشن پر پہنچتی تھیں۔ عائشہ! کیا تمھیں معلوم ہے پاکستان ہمارے لیے اتنا قیمتی اور انمول کیوں ہے؟ کیونکہ پاکستان کے لیے لاکھوں لوگوں نے اپنی جانیں قربان کی ہیں۔ اسلام کے نام پر بنا یہ ملک ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ پیارا ہے۔‘‘

دادی جان نے بات مکمل کر کے ننھی عائشہ کے سر پر ہاتھ پھیرا اور اٹھ کر کھڑکی سے باہر دیکھنے لگیں ۔ گلی میں بہت سی جھنڈیاں ہوا کے زور سے زمین پر گر گئی تھیں۔ دادی جان نے عائشہ کو ساتھ لیا اور گلی میں آکر جھنڈیاں اٹھانے لگیں۔ عائشہ نے دیکھا۔ وہ ہرجھنڈی اٹھا کر پہلے اپنے دوپٹے سے صاف کرتیں پھر چاند ستارے کوچومتیں اور سینے سے لگاتیں۔

اندر آکر دادی جان نے ننھی عائشہ کو نصیحت کی۔

’’میری پیاری بیٹی!سبز جھنڈا ہماری شان ہے ۔اسے نیچے نہیں گرنے دینا چاہیے۔ہوائیں کتنی پر زور کیوں نہ ہوں، سبز جھنڈے کو ہمیشہ بلند رکھنا ہے ۔‘‘

اتنا کہہ کر دادی جان خاموش ہو گئیں۔ ان کی آنکھیں نم تھیں۔

مشق نمبر1: سوالات کے جواب لکھیں:

. وطن کسے کہتے ہیں؟

________________________________________________________________

. ہمارے پیارے وطن کا کیا نام ہے؟

________________________________________________________________

. پاکستان کب وجود میں آیا؟

_______________________________________________________________

. پاکستان کی بنیاد کس نے رکھی؟

_______________________________________________________________

. دادی جان نے عائشہ کو کیا نصیحت کی؟

_______________________________________________________________

. جشنِ آزادی مبارک کا کیا مطلب ہے؟

___________________________________________________________________


مشق نمبر2: خالی جگہ پر کریں:

1. ہوائیں کتنی ہی پر زور کیوں نہ ہوں، سبز جھنڈے کو ہمیشہ .................. رکھنا ہے۔

2. ...................... کے نام پر بنا یہ ملک ہمیں اپنی جان سے بھی زیادہ پیارا ہے۔

3. پاکستان کے لیے ................... لوگوں نے اپنی جانیں .............. کی ہیں۔

4. ہر وطن کا اپنا ترانہ، .................. اور فوج ہوتی ہے۔

5. ہم ہر سال ...................... کو آزادی کا دن مناتے ہیں۔


مشق نمبر ۳:

ہاکی، مارخور، چنبیلی، دیودار، شلوار، قمیص

چکور ، اردو، آم، پاک سرزمین، گنے کا رس


اوپر دیے گئے الفاظ کی مدد سے خالی جگہ پر کریں۔


1. پاکستان کا قومی پھل ............... ہے۔


2. پاکستان کا قومی جانور.................. ہے۔

3. پاکستان کی قومی زبان ....................ہے۔

4. پاکستان کا قومی پرندہ.................... ہے۔


5. پاکستان کا قومی ترانہ.......................... ہے۔

6. پاکستان کا قومی پھول .................. ہے۔


7. پاکستان کا قومی لباس ........................ہے۔

8. پاکستان کا قومی درخت ................... ہے۔


9. پاکستان کا قومی مشروب ................... ہے۔


10. پاکستان کا قومی کھیل .................. ہے۔

مشق نمبر 4: کالم (ا) کو کالم (ب) سے ملائیں۔

کالم (ا)                                     کالم (ب)

پاکستان کس نے بنایا .........علامہ محمد اقبال

پاکستان کے قومی شاعر......... لیاقت علی خان

پاکستان کے پہلے وزیر اعظم .........قائد اعظم محمد علی جناح


مشق نمبر 5: پاکستان کے جھنڈےمیں رنگ بھریں: