میرے
سوہنے موہنے بچو! یہ کہانی ہے ایک پیاری سی بطخ ، نیناکی جس کو دوسروں کے کھلونے بہت
اچھے لگتے تھے۔ اس کی امی جان نے اس کو بہت سارے کھلونے لے کر دیے ہوئے تھے جیسے سرخ
گیند، گلابی دم والی مچھلیاں اور تیرنے والی چھوٹی کشتی۔ لیکن کیا کریں! نینا کو تو
بس دوسری بطخوں کے کھلونے پسند آتے تھے۔
ایک
دن جب ساری بطخیں کھیل کر گھر جانے لگیں تو نینا نے کہا۔
’’آہا!
یہ والا نیلا گیند تو میں رکھ لیتی ہوں۔ یہ کتنا پیارا ہے!‘‘ یہ کہ کر اس نے
مینا بطخ کا گیند اس کے ہاتھ سے لے لیا۔
’’نہیں! یہ تو میرا گیند ہے۔ مجھے واپس کرو۔‘‘ مینا بطخ نے غصے
سے کہا۔
’’بس
یہ تو میں لوں گی۔ ‘‘ نینا بطخ نے کہا اور جلدی سے تیر کر اپنے گھر چلی گئی۔
اگلی
صبح ناشتہ کرنے کے بعد نینا نے نیلا گیند نکالا اور تالاب میں جا کر کھیلنے لگی۔ تھوڑی
دیر بعد وہ اکیلے کھیل کھیل کر تھک گئی ۔ اس نے دیکھا آج کوئی بطخ اس کے ساتھ نہیں
کھیل رہی تھی۔
’’کوئی
بات نہیں۔ میں اکیلی ہی کھیل لیتی ہوں۔‘‘ نینا نے کہا اور پھر سے کھیلنے لگی ۔ کھیلتے
کھیلتے جب وہ تالاب کے بیچ میں گئی تو اس نے سنا۔ سب بطخیں آپس میں کہ رہی تھیں۔
’’نینا
کے ساتھ نہیں کھیلنا۔ وہ آپ کے کھلونے لے لیتی ہے۔ خراب کر دیتی ہے اور واپس بھی نہیں
کر تی۔ ‘‘
’’ہاں!
اس نے میری کشتی بھی لے لی تھی۔ ‘‘
’’اور
میرا بھالو بھی۔‘‘
’’بس!
میں تو نینا کے ساتھ نہ کھیلوں!‘‘
یہ
سن کر نینا بطخ اداس ہو گئی اور واپس اپنے گھر کی طرف آنے لگی۔ راستے میں اس کی نظر
مینڈک بھیا پر پڑی جو ایک پتھر پر آرام کر رہے تھے۔
’’مینڈک
بھیا! آئیں آپ میرے ساتھ کھیلیں۔‘‘ نینا بطخ نے کہا۔
’’نہیں
! بھئی! میں تو آرا م کر رہا ہوں۔ کل رات مچھروں کی وجہ سے میں سو نہیں سکا۔
ویسے آپ کی سہیلیاں کہاں ہیں؟‘‘ مینڈک نے پوچھا تو نینا اداس سی ہو گئی۔
’’وہ
تو میرے ساتھ نہیں کھیل رہیں ۔ شاید۔۔ وہ میرے سے ناراض ہیں۔ میں نے کل مینا بطخ کا
گیند لے لیا تھا ناں۔۔‘‘ نینا بطخ نے آہستہ سی آواز میں بتایا۔
’’اوہ!
یہ تو اچھی بات نہیں۔ آپ کو اپنے کھلونوں سے کھیلنا چاہیے۔‘‘ مینڈک بھیا نے
سمجھایا۔
تھوڑی
دیر بعد نینا بطخ مینا بطخ کے پاس گئی اور اس کو اس کا گیند واپس کر دیا۔ مینا بطخ
بہت خوش ہوئی۔
اب
نینا بطخ سب سہیلیوں کے ساتھ مل کر کھیلتی ہے۔ اس کو ابھی بھی دوسرے کھلونے اچھے لگتے
ہیں لیکن اب وہ پوچھ کرلے لیتی ہے پھر تھوڑا سا کھیل کر واپس بھی کر دیتی ہے۔
سب بطخیں نینا سے خوش ہیں۔
میرے
بچو! دوسروں کی چیزیں اپنے پاس رکھ لینا اچھی بات نہیں۔ آپ بھی جب دوسروں کے کھلونے
لیں تو کھیل کر واپس کر دیں جیسے کہ نینا بطخ کرتی ہے